aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
زیر نظر کتاب "شیر اور بکری" كشور ناہید کی کہانیوں کا مجموعہ ہے، جو کہ بچّوں کے لیے لکھی گئی ہیں۔ اس مجموعہ میں چھ کہانیاں شامل ہیں۔ کہانیاں بہت مختصر اور دلچسپ ہیں۔ ہر کہانی کو پڑھ کر بچوں کو کوئی نہ کوئی سبق ملتا ہے۔ چھوٹے بچوں کی پرورش اور تربیت میں سبق آموز کہانیاں ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بچے کہانی کے کرداروں کی طرح بننے اور عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اسلئے ایسی کہانیاں بےحد ضروری ہیں۔ یہ کہانیاں دوسری زبانوں سے ترجمہ کی گئی ہیں۔ مثلا "ہیروں کا سیب" آرمینیا کی کہانی ہے۔ اسی طرح "شہزادی سورج مکھی" روسی کہانی ہے۔ "پرندوں کا بادشاہ" افریقہ کی کہانی ہے، جس سے بچوں کو یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں اپنا ہر کام خود کرنا چاہیے، اگر دوسروں پر انحصار کرینگے تو بہت نقصان اٹھائینگے۔ "شیر اور بکری" کہانی سے یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں مشکل حالات میں بھی ہمت سے کام لینا چاہیے، یہ ایک ہندوستانی کہانی ہے۔ "گدھے کے کانوں والا شہزادہ" ایک پرتگالی کہانی ہے۔ اور آخری کہانی "چوہا کیکڑا اور بھونرا" ایک ایسٹونیا کی کہانی ہے۔ کشور ناہید نے ترجمہ میں اس بات کا خاص خیال رکھا ہے کہ الفاظ مشکل نہ ہونے پائیں تاکہ بچے آسانی سے کہانیوں کو سمجھ سکیں۔
نام کشور ناہید اور تخلص ناہید ہے۔ ۳؍فروری ۱۹۴۰ء کو بلند شہر(یوپی) میں پیدا ہوئیں۔ایم اے (معاشیات) پاس کیا۔محکمہ اطلاعات ونشریات کے ادبی مجلہ’’ماہ نو‘‘ کی چیف اڈیٹر کے منصب پر فائز رہیں۔ بعدازاں پاکستان نیشنل سنٹر ، لاہور کی ریزیڈنٹ ڈائرکٹر رہیں۔ ڈائرکٹر مرکزی اردو سائنس بورڈ، لاہور کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔ ا ن کی تصانیف کے چند نا م یہ ہیں: ’’لب گویا‘‘(غزلیات)، ’’بے نام مسافت‘‘(نظمیں)، ’’گلیاں،دھوپ،دروازے‘‘(نظمیں، نثری نظمیں ،غزلیں)، ’’فتنہ سامانی دل‘‘، ’’علامتوں کے درمیاں‘‘، ’’سیاہ حاشیے میں گلابی رنگ‘‘، ’’ناوک دشنام‘‘، ’’عورت، خواب اور خاک کے درمیان‘‘، ’’خیالی شخص سے مقابلہ‘‘، ’’بری عورت کی کتھا‘‘(خودنوشت حالات زندگی)، ’’نازائیدہ بیٹی کے نام‘‘، ’’شناسائیاں، رسوائیاں‘‘۔ ’لب گویا‘ پر ۱۹۶۹ء کا آدم جی ادبی انعام ملا۔ حکومت پاکستان نے ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انھیں حسن کارگردگی کے تمغے سے نوازا۔ بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:344
Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi
Get Tickets