یہ دنیا دو رنگی ہے
یہ دنیا دو رنگی ہے
ایک طرف سے ریشم اوڑھے ایک طرف سے ننگی ہے
ایک طرف اندھی دولت کی پاگل عیش پرستی
ایک طرف جسموں کی قیمت روٹی سے بھی سستی
ایک طرف ہے سونا گاچی ایک طرف چورنگی ہے
یہ دنیا دو رنگی ہے
آدھے منہ پر نور برستا آدھے منہ پر چیرے
آدھے تن پر کوڑھ کے دھبے آدھے تن پر ہیرے
آدھے گھر میں خوشحالی ہے آدھے گھر میں تنگی ہے
یہ دنیا دو رنگی ہے
ماتھے اوپر مکٹ سجائے سر پر ڈھوئے گندا
دائیں ہاتھ سے بھکشا مانگے بائیں سے دے چندا
ایک طرف بھنڈار چلائے ایک طرف بھک منگی ہے
یہ دنیا دو رنگی ہے
اک سنگم پر لانی ہوگی دکھ اور سکھ کی دھارا
نئے سرے سے کرنا ہوگا دولت کا بٹوارا
جب تک اونچ اور نیچ ہے باقی ہر صورت بے ڈھنگی ہے
یہ دنیا دو رنگی ہے
- کتاب : Kulliyat-e-Sahir Ludhianvi (Pg. 462)
- Author : SAHIR LUDHIANVI
- مطبع : Farid Book Depot (Pvt.) Ltd
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.