ابھی گلوں میں کوئی جوشش نمو تو نہیں
ابھی گلوں میں کوئی جوشش نمو تو نہیں
ابھی بہار پہ دنیائے رنگ و بو تو نہیں
برنگ غنچہ ہوا چاک چاک دامن دل
کسی بھی چاک کو اب حاجت رفو تو نہیں
دھواں دھواں ہے ہر اک سانس سوزش غم سے
کہ دل میں آتش سیال ہے لہو تو نہیں
یہ اور بات ہے ہم دم سے حال زار کہوں
مجال عرض مگر تیرے روبرو تو نہیں
نہ جانے عالم ہستی ہے کیوں حسین اتنا
یہ سوچتا ہوں کہ پردے میں اس کے تو تو نہیں
کہیں خلوص کی محفل نہ زندگی کا مقام
نہیں نہیں یہ مرا شہر آرزو تو نہیں
خزاں پرست رہے جو بہار کے دشمن
دیار گل میں کوئی ان کی آبرو تو نہیں
اندھیری رات کٹھن راستہ کڑی منزل
کوئی غریب کہیں گرم جستجو تو نہیں
زبان حال سے روداد غم سناتا ہوں
کرشمہ ہے یہ خموشی کا گفتگو تو نہیں
کہیں یہ بادۂ گلگوں سے مہکا مہکا جہاں
نظیرؔ کار گہہ ساغر و سبو تو نہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.