بہت دشوار ہے تسکین ذوق رنگ و بو کرنا
بہت دشوار ہے تسکین ذوق رنگ و بو کرنا
جو چن سکتے ہو کانٹے تو گلوں کی آرزو کرنا
جہاد زندگی میں ہو جو خود کو سرخ رو کرنا
جگر کو خاک کرنا اور کبھی دل کو لہو کرنا
کسی کو دیکھنے کی خواب میں جب آرزو کرنا
نظر کو اشک خون دل سے پہلے با وضو کرنا
خرد کا دیجئے نام اس کو یا دیوانگی کہئے
گریباں چاک کرنا اور دامن کو رفو کرنا
بغیر خوئے تسلیم و رضا جینا کچھ ایسا ہے
کہ شغل بادہ نوشی جیسے بے جام و سبو کرنا
لگے کیوں کر جبیں پر اپنی داغ منت قاتل
مجھے آتا ہے شمشیر ستم زیب گلو کرنا
سر مژگاں چھلک کر آنسوؤں نے دستگیری کی
کہاں ممکن تھا ورنہ شرح حرف آرزو کرنا
یہ عالم ہے کہ بار خاطر صیاد ہے اطہرؔ
در و دیوار زنداں سے بھی میرا گفتگو کرنا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.