بے ٹھکانے ہے دل غمگیں ٹھکانے کی کہو
بے ٹھکانے ہے دل غمگیں ٹھکانے کی کہو
شام ہجراں دوستو کچھ اس کے آنے کی کہو
ہاں نہ پوچھو اک گرفتار قفس کی زندگی
ہم صفیران چمن کچھ آشیانے کی کہو
اڑ گیا ہے منزل دشوار میں غم کا سمند
گیسوئے پر پیچ و خم کے تازیانے کی کہو
بات بنتی اور باتوں سے نظر آتی نہیں
اس نگاہ ناز کی باتیں بنانے کی کہو
داستاں وہ تھی جسے دل بجھتے بجھتے کہہ گیا
شمع بزم زندگی کے جھلملانے کی کہو
کچھ دل مرحوم کی باتیں کرو اے اہل علم
جس سے ویرانے تھے آباد اس دوانے کی کہو
داستان زندگی بھی کس قدر دلچسپ ہے
جو ازل سے چھڑ گیا ہے اس فسانے کی کہو
یہ فسون نیم شب یہ خواب ساماں خامشی
سامری فن آنکھ کے جادو جگانے کی کہو
کوئی کیا کھائے گا یوں سچی قسم جھوٹی قسم
اس نگاہ ناز کی سوگندھ کھانے کی کہو
شام ہی سے گوش بر آواز ہے بزم سخن
کچھ فراقؔ اپنی سناؤ کچھ زمانے کی کہو
- کتاب : Gul-e-Naghma (Pg. 81)
- Author : Firaq Gorakhpuri
- مطبع : Idarah idarah ilm-o-adab, Delhi (2006)
- اشاعت : 2006
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.