بتوں کی مجلس میں شب کو مہ رو جو اور ٹک بھی قیام کرتا
بتوں کی مجلس میں شب کو مہ رو جو اور ٹک بھی قیام کرتا
کنشت ویراں صنم کو بندہ برہمنوں کو غلام کرتا
خراب خستہ سمجھ کے تو نے پیارے مجھ کو عبث نکالا
جو رہنے دیتا تو گل رخوں میں قسم ہے میری میں نام کرتا
کروڑوں دل جو موے پڑے ہیں نکلتے خونیں کفن سے نالاں
قیامت آ جاتی جو وہ قامت گلی میں اپنی خرام کرتا
نہ اتنے قصے نہ جنگ ہوتی پیارے تیرے ملاپ اوپر
رقیب آپی سے زہر کھانے جو وصل کا تو پیام کرتا
وہ سرو قامت جو مسکرا کر چمن میں جاتا تو مسکرا کر
تڑپتی بلبل سسکتی قمری گلوں پہ ہنسنا حرام کرتا
بھلا ہوا جو نقاب تو نے اٹھایا چہرے سے ہے پری رو
وگرنہ سینے سے دل تڑپ کر نگہ میں آ کر مقام کرتا
جو زلفیں مکھڑے پہ کھول دیتا صنم ہمارا تو پھر یہ گردوں
نہ دن دکھاتا نہ شب بتاتا نہ صبح لاتا نہ شام کرتا
وہ بزم اپنی تھی مے خوری کی فرشتے ہو جاتے مست بے خود
جو شیخ جی واں سے بچ کے آتے تو پھر میں ان کو سلام کرتا
نظیرؔ تیری اشارتوں سے یہ باتیں غیروں کی سن رہا ہے
وگرنہ کس میں تھی تاب و طاقت جو اس سے آ کر کلام کرتا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.