چھپنے والے یہ بھی چھپنے کا کوئی انداز ہے
چھپنے والے یہ بھی چھپنے کا کوئی انداز ہے
تو ہے پردے میں مگر باہر تری آواز ہے
ہائے کیا بانکی ادا ہے کیا خرام ناز ہے
چال خنجر کی عروس تیغ کا انداز ہے
عشق میں کامل ہوں میں وہ حسن میں ممتاز ہے
میں سراپا درد ہوں قاتل سراپا ناز ہے
خیر ہو یا رب محبت کا ابھی آغاز ہے
رنگ رخ میرا ابھی سے مائل پرواز ہے
بجلیوں میں گھر گیا ہے دل الٰہی خیر ہو
شوخیاں آفت ہیں قہر اس پر نگاہ ناز ہے
تم گئے گل گشت کو رسوائیوں کے گل کھلے
ہم نہ کہتے تھے زمانہ کی ہوا ناساز ہے
یہ تو کہیے جان بھی دل بھی جگر بھی لے چکے
اب یہ کس کی تاک میں چشم فسوں پرداز ہے
ایک وہ جلاد ہے بلبل ہے جس کی قید میں
دوسرا جلاد اس کی حسرت پرواز ہے
شکر کی جا ہے کہ تیرا حسن میرا عشق آج
قابل صد آفریں ہے مایۂ صد ناز ہے
چارہ سازوں میں خدا رکھے یہی اب رہ گئے
آہ ہے ہمدم مری درد جگر دم ساز ہے
دوست بن بن کے مرے دشمن بناتے ہیں مجھے
یہ زمانہ بھی مگر کتنا زمانہ ساز ہے
دونوں اپنے فن میں کامل ہیں مگر اتنا ہے فرق
مجھ کو ہے مشق وفا قاتل کو عشق ناز ہے
دل میں ظالم کے ہے گو میری محبت کا اثر
منہ سے کہہ سکتا نہیں یہ اک ستم کا راز ہے
خوشہ چیں اس کا ہوں صفدرؔ جس کو کہتے ہیں جلیلؔ
سامنے خاموش جس کے بلبل شیراز ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.