ایک جیسے ہیں زمانے کے پریشاں صورت
ایک جیسے ہیں زمانے کے پریشاں صورت
وہی ویرانیٔ دل اور وہی ویراں صورت
منتظر بیٹھے ہیں اک عمر سے ہم تیرہ نصیب
شاید آ جائے کوئی شام چراغاں صورت
کب تلک دیکھیے اس زیست کے آئینے میں
وہی تنزیل حوادث وہی حیراں صورت
نعمتیں جب ہوئیں تقسیم سر روز ازل
ایک گلشن ملا ہم کو بھی بیاباں صورت
ہم نے ایسے بھی چمن دیکھے ہیں اس عالم میں
فصل گل میں جو نظر آئیں زمستاں صورت
رند بے فکر کی مانند پھرے آوارہ
وہی افسردگئ دل وہی خنداں صورت
ہم یہ کس کار گہہ شیشہ گراں کے ہیں اسیر
جہاں ہر بندہ نظر آتا ہے یزداں صورت
زندہ رہنے کے ہنر ہم نے وہیں سے سیکھے
درد بھی ہم کو ملا وہ جو ہے درماں صورت
کشت جاں تشنہ ہے اک عمر سے شاید کوئی
ابر آ جائے ادھر دیدۂ باراں صورت
حرم و دیر کی راہوں سے شناسا ہیں عروجؔ
ہم نے کافر بہت دیکھے ہیں مسلماں صورت
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.