گلشن ہے اسی کا نام اگر حیراں ہوں بیاباں کیا ہوگا
گلشن ہے اسی کا نام اگر حیراں ہوں بیاباں کیا ہوگا
ہنگام بہاراں جب یہ ہے انجام بہاراں کیا ہوگا
ساقی کے دیار رحمت میں ہندو و مسلماں کیا ہوگا
اس بزم پاک نہاداں میں آلودۂ ایماں کیا ہوگا
یہ جنگ تو لڑنا ہی ہوگی ہر برگ سے چاہے خوں ٹپکے
کانٹوں سے جو گل ڈر جائے گا دارائے گلستاں کیا ہوگا
الفت کو مٹانے کے در پے دنیا اور میں اس سوچ میں ہوں
الفت نہ رہے گی جب باقی خواب دل انساں کیا ہوگا
میں دور بھی تم سے جی لوں گا تم میرے لیے کچھ غم نہ کرو
مانا کہ پریشاں دل ہوگا ایسا بھی پریشاں کیا ہوگا
جس ہاتھ میں ہے شمشیر و تیر کیا اس سے امید برگ و ثمر
جو شاخ نشیمن توڑے گا معمار گلستاں کیا ہوگا
کس شے پہ ابھی ہم جشن کریں ہر سو کانٹے کوڑا کرکٹ
کچھ رنگ چمن آئے تو سہی گھورے پہ چراغاں کیا ہوگا
جو تشنہ لبوں کے حق کے لیے ساقی سے لڑے وہ رند کہاں
جو دست و دہاں کا خوگر ہے وہ دست و گریباں کیا ہوگا
ساقی کی غلامی کر لے گا اور وہ بھی کچھ قطروں کے لئے
نادان سہی ملا لیکن اتنا بھی وہ ناداں کیا ہوگا
آواز ضمیر اپنی سن کر ملاؔ نے بنا لی راہ عمل
یہ فکر کبھی اس کو نہ ہوئی انداز حریفاں کیا ہوگا
- کتاب : Kulliyat-e-Anand Narayan Mulla (Pg. 556)
- Author : Khaliq Anjum
- مطبع : National Council for Promotion of Urdu Language-NCPUL (2010)
- اشاعت : 2010
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.