ہم کچھ اس طرح حیات گزراں سے گزرے
ہم کچھ اس طرح حیات گزراں سے گزرے
جیسے احساس کوئی خواب گراں سے گزرے
یوں حقائق مری چشم نگراں سے گزرے
جیسے اک موج ہوا آب رواں سے گزرے
آگہی عین حقیقت ہے مگر شرط یہ ہے
پہلے توفیق یقیں حد گماں سے گزرے
باغ کا درد اسی پھول کے دل سے پوچھو
مسکراتا ہوا جو دور خزاں سے گزرے
دل کی ہر بات ہے کہنی مگر ایسے میں نہیں
حرف موضوع حدیث دگراں سے گزرے
خاک آلود ہوئی ایسی گزر گاہ نسیم
بوئے گل چیخ پڑی ہائے کہاں سے گزرے
زندگی سے یہ بتا دو کہ ہے منزل کچھ دور
جلد ہی کشمکش سود و زیاں سے گزرے
اب نگاہیں وہ کہیں گی جو زباں کہتی تھی
رخصت اے دوست کہ ہم لفظ و بیاں سے گزرے
ہر کلی جامہ سے باہر ہوئی جاتی ہے شہابؔ
دیکھیے قافلۂ رنگ کہاں سے گزرے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.