ہم سوز دل بیاں کریں تم سے کہاں تلک
ہم سوز دل بیاں کریں تم سے کہاں تلک
جلنے لگی ہے اب تو ہماری زباں تلک
کچھ بے کسیٔ راہرو غم نہ پوچھئے
ملتی نہیں ہے گرد رہ کارواں تلک
شرما کے لوٹ آئے نہ جب کچھ اثر ہوا
نالے ہمارے پہنچے تو تھے آسماں تلک
امید بادہ کس کو ہے خون جگر پیو
ہے محتسب کے روپ میں پیر مغاں تلک
راز و نیاز عشق کی کیا ہو خبر ہمیں
حاصل نہیں ہے دید رخ مہوشاں تلک
کس منہ سے ہم بیان کریں ماجرائے دل
ان کو نہیں پسند ہے سوز نہاں تلک
ہم کو قفس ہی راس ہوا برق کے طفیل
باقی نہیں چمن میں رہا آشیاں تلک
پائے ضعیف بعد میں چاہیں تو ٹوٹ جائیں
پہنچا دیں ایک بار تو کوئے بتاں تلک
شاید بقائے عشق اسی شے کو کہتے ہیں
ہم بھول بیٹھے غم میں زمان و مکاں تلک
یارو ہماری زیست کا قصہ ہے مختصر
محدود ہے حدیث غم دلبراں تلک
مطلق نہیں ہے کیفؔ کو دعوائے جذب دل
مقدور اس کا گریہ و آہ و فغاں تلک
- کتاب : Shuur-e-Lashuuri (Pg. 57)
- Author : Sarsvati Saran kaif
- مطبع : Monthly Shan-e-Hind (1983)
- اشاعت : 1983
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.