ہٹی زلف ان کے چہرے سے مگر آہستہ آہستہ
ہٹی زلف ان کے چہرے سے مگر آہستہ آہستہ
عیاں سورج ہوا وقت سحر آہستہ آہستہ
چٹک کر دی صدا غنچہ نے شاخ گل کی جنبش پر
یہ گلشن ہے ذرا باد سحر آہستہ آہستہ
قفس میں دیکھ کر بازو اسیر آپس میں کہتے ہیں
بہار گل تک آ جائیں گے پر آہستہ آہستہ
کوئی چھپ جائے گا بیمار شام ہجر کا مرنا
پہنچ جائے گی ان تک بھی خبر آہستہ آہستہ
غم تبدیلی گلشن کہاں تک پھر یہ گلشن ہے
قفس بھی ہو تو بن جاتا ہے گھر آہستہ آہستہ
ہمارے باغباں نے کہہ دیا گلچیں کے شکوے پر
نئے اشجار بھی دیں گے ثمر آہستہ آہستہ
الٰہی کون سا وقت آ گیا بیمار فرقت پر
کہ اٹھ کر چل دیئے سب چارہ گر آہستہ آہستہ
نہ جانے کیوں نہ آیا ورنہ اب تک کب کا آ جاتا
اگر چلتا وہاں سے نامہ بر آہستہ آہستہ
خفا بھی ہیں ارادہ بھی ہے شاید بات کرنے کا
وہ چل نکلے ہیں مجھ کو دیکھ کر آہستہ آہستہ
جوانی آ گئی دل چھیدنے کی بڑھ گئیں مشقیں
چلانا آ گیا تیر نظر آہستہ آہستہ
جسے اب دیکھ کر اک جان پڑتی ہے محبت میں
یہی بن جائے گی قاتل نظر آہستہ آہستہ
ابھی تک یاد ہے کل کی شب غم اور تنہائی
پھر اس پر چاند کا ڈھلنا قمرؔ آہستہ آہستہ
- کتاب : Auj-Qamar (Pg. 135)
- Author : Ustad Sayed Mohd. Hussain Qamar Jalalvi
- مطبع : Shaikh Shokat Ali And Sons (1952)
- اشاعت : 1952
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.