عشق میں کام نہ آیا غم پنہاں میرا
ان سے بھی چھپ نہ سکا حال پریشاں میرا
تابش حسن ہے اور خانۂ ویراں میرا
آج کام آ ہی گیا ذوق فراواں میرا
اے خوشا ان کے لیے حال پریشاں میرا
وہ ہیں اور تذکرۂ چاک گریباں میرا
کافر عشق ہوں میں تجھ کو خبر کیا واعظ
تو نے دیکھا ہی نہیں حاصل ایماں میرا
دیکھ کر فرط الم میں مجھے مائل بہ سکوت
چھیڑ دیتا ہے کوئی تار رگ جاں میرا
ان سے کیا شکوہ کہ برباد محبت ہوں میں
لٹ گیا اپنے ہی ہاتھوں سر و ساماں میرا
وہ تو مائل بہ نمائش تھے مگر ان کے حضور
آج تک اٹھ نہ سکا دیدۂ حیراں میرا
میں بھی خوددار مرا عشق بھی خوددار حزیںؔ
ان کے آگے بھی نہ پھیلا کبھی داماں میرا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.