متاع زیست کیا ہم زیست کا حاصل سمجھتے ہیں
متاع زیست کیا ہم زیست کا حاصل سمجھتے ہیں
جسے سب درد کہتے ہیں اسے ہم دل سمجھتے ہیں
اسی سے دل اسی سے زندگی دل سمجھتے ہیں
مگر حاصل سے بڑھ کر سعی بے حاصل سمجھتے ہیں
کبھی سنتے تھے ہم یہ زندگی ہے وہم و بے معنی
مگر اب موت کو بھی خطرۂ باطل سمجھتے ہیں
بہت سمجھے ہوئے ہے شیخ راہ و رسم منزل کو
یہاں منزل کو بھی ہم جادۂ منزل سمجھتے ہیں
ابھرنا ہو جہاں جی چاہتا ہے ڈوب مرنے کو
جہاں اٹھتی ہوں موجیں ہم وہاں ساحل سمجھتے ہیں
کوئی سرگشتۂ راہ طریقت اس کو کیا جانے
یہاں افتادگی کو حاصل منزل سمجھتے ہیں
تماشا ہے نیاز و ناز کی باہم کشاکش کا
میں ان کا دل سمجھتا ہوں وہ میرا دل سمجھتے ہیں
عبث ہے دعوئ عشق و محبت خام کاروں کو
یہ غم دیتے ہیں جس کو جوہر قابل سمجھتے ہیں
غم لا انتہا سعی مسلسل شوق بے پایاں
مقام اپنا سمجھتے ہیں نہ ہم منزل سمجھتے ہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.