نیک و بد کی جسے خبر ہی نہیں
نیک و بد کی جسے خبر ہی نہیں
شر ہے کم بخت وہ بشر ہی نہیں
وہ ہیں کس حال میں خبر ہی نہیں
سر بھی نیچا ہے اک نظر ہی نہیں
ہاتھ خالی ہے مال و زر ہی نہیں
کیا اڑیں جبکہ بال و پر ہی نہیں
مے کی بابت خیال کر واعظ
اس میں نفعے بھی ہیں ضرر ہی نہیں
شرم سے تیرے روئے روشن کے
شمس بھی زرد ہے قمر ہی نہیں
جس کے باعث ہے زندگی بے لطف
لطف یہ ہے اسے خبر ہی نہیں
راہ ہر دل کو ہوتی ہے دل سے
میرے دل کی انہیں خبر ہی نہیں
یار تو قتل عام کر ڈالے
تیغ باندھے کہاں کمر ہی نہیں
ضبط کی نسبت آپ کا ہے خیال
میں ہوں عاشق مرے جگر ہی نہیں
میرے سینہ کو چیر کر دیکھو
دل بھی روتا ہے چشم تر ہی نہیں
آسماں لاکھ بار دشمن ہو
کیا ہو برباد میرے گھر ہی نہیں
کون کہتا ہے مجھ کو سودائی
ایک مدت سے میرے سر ہی نہیں
ہم قیامت سے بھی ہوئے بے فکر
شب ہجراں کی جب سحر ہی نہیں
پاؤں پھیلائے مست ہوتے ہیں
فقرا کیونکہ مال و زر ہی نہیں
وہ تو مجھ کو جلائے جائیں گے
بعد مردن بھی عمر بھر ہی نہیں
بعد مردن ہے حشر کا کھٹکا
میری جاں فکر سے مفر ہی نہیں
مرغ بے وجہ چیخے جاتا ہے
یہ نہ بولے تو جانور ہی نہیں
ظلم پر اب ہے آسماں نادم
سر بھی نیچا ہے اک نظر ہی نہیں
توبہ توبہ ہزارہا شرطیں
کیا بتاؤں اگر مگر ہی نہیں
پھرتے ہو سیکڑوں ندیدوں میں
تم کو خوف نظر گزر ہی نہیں
آدمی آدمی ہے عزت سے
آب جس میں نہ ہو گہر ہی نہیں
کم ہے یہ زاد راہ اے پرویںؔ
تم کو اندازۂ سفر ہی نہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.