پھر وہی قتل محبت زدگاں ہے کہ جو تھا
پھر وہی قتل محبت زدگاں ہے کہ جو تھا
رسن و دار کا عالم میں سماں ہے کہ جو تھا
ان کے ہاتھوں میں وہی تیغ ستم ہے کہ جو تھی
دہر ماتم کدۂ بے گنہاں ہے کہ جو تھا
چشم پر خون وفا لالہ نشاں ہے کہ جو تھی
قسمت بو الہوساں عیش جہاں ہے کہ جو تھا
حیرت اہل نظر اہل ہنر ہے کہ جو تھی
شہرۂ کم نظراں بے ہنراں ہے کہ جو تھا
رسم آرائش ایوان طرب ہے کہ جو تھی
سر فرہاد یہ وہ کوہ گراں ہے کہ جو تھا
یہ شجر ہیں کہ صلیبیں سی گڑی ہیں ہر سو
منزل عشق وہی سنگ نشاں ہے کہ جو تھا
دفتر لالہ و گل ہے نہ وہ دیوان بہار
زینت لوح چمن حرف خزاں ہے کہ جو تھا
زیر ہرشاخ شب و روز قفس ڈھلتے ہیں
عالم نوحہ گراں بستہ پراں ہے کہ جو تھا
دولت اہل طلب خار ستم ہیں کہ جو تھے
چار سو غلغلۂ گل بدناں ہے کہ جو تھا
سایۂ مرغ پریدہ ہے کہ یہ ابر بہار
گلۂ مرحمت آہ طپاں ہے کہ جو تھا
ہے وہی آج بھی رنگ و روش رود فرات
ہر نفس ماتمیٔ تشنہ لباں ہے کہ جو تھا
آج بھی عرض وفا ان پہ گراں ہے کہ جو تھی
آج بھی حوصلۂ شرح و بیاں ہے کہ جو تھا
نہ وفاؤں پہ نظر ہے نہ جفاؤں کا ملال
دل میں وہ درد وہ احساس کہاں ہے کہ جو تھا
صولت و سطوت ارباب ہمم مٹ کے رہی
لٹ کے بھی حسن بتاں حسن بتاں ہے کہ جو تھا
ہے تری یاد نشاط شب ہجراں کہ جو تھی
ہاں ترا درد قرار دل و جاں ہے کہ جو تھا
جلوۂ یار سے محروم ہے غم خانۂ دل
یہ وہی تیرہ و تاریک مکاں ہے کہ جو تھا
وقت کے ساتھ بدلتا نہیں جعفر طاہرؔ
یہ وہی سوختہ دل سوختہ جاں ہے کہ جو تھا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.