پوچھتا ہے اے بت بے پیر کیا
پوچھتا ہے اے بت بے پیر کیا
کیا کہوں ہے رنج دامن گیر کیا
کیوں خفا ہو میری قسمت کی طرح
کچھ کہو تو ہے مری تقصیر کیا
لے رہا ہے محفل دل دار میں
شمع کے بوسے لب گل گیر کیا
عشق میں اک غنچہ لب کی کیا کہوں
چپ ہوں شکل بلبل تصویر کیا
تیر آہ شعلہ زا کے سامنے
اے صنم بنیاد چرخ پیر کیا
بے تکلف ہر دہان زخم کے
بوسے لیتی ہے زبان تیر کیا
حیف بڑھ بڑھ کر نگاہ یار میں
گھٹ گئے ہم صورت توقیر کیا
جلد اٹھا لا خنجر خونخوار کو
قتل میں قاتل ہے اب تاخیر کیا
ایک یار نوجواں کے عشق میں
دیکھیے دکھلائے چرخ پیر کیا
میرے جی اٹھنے کی اے عیسیٰ نفس
ذہن میں ہے آپ کے تدبیر کیا
عزم قتل عاشق جانباز سے
فائدہ ہے اے بت بے پیر کیا
خانۂ زنداں میں میرے اشک کی
قدر جانے دیدۂ زنجیر کیا
اے شگفتہؔ اس بت طرار سے
پیش جائے گی مری تقدیر کیا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.