سوال وصل پہ وہ بت نفور ہم سے ہوا
سوال وصل پہ وہ بت نفور ہم سے ہوا
بڑا گناہ دل ناصبور ہم سے ہوا
جو کچھ ہوا نہ تھا رب غفور ہم سے ہوا
کئے گناہ بہت کم قصور ہم سے ہوا
فراق یار میں ہاں ہاں ضرور ہم سے ہوا
ضرور صبر دل ناصبور ہم سے ہوا
جفا کے شکوے پہ ان کی وہ نیچی نیچی نظر
وہ ہاتھ باندھ کے کہنا قصور ہم سے ہوا
امید کہتے ہیں کس کو یقین ہے زاہد
گئے بہشت میں ہم عشق حور ہم سے ہوا
کھنچا بہ صورت خنجر بنا رگ گردن
وہ جتنا پاس رہا اتنی دور ہم سے ہوا
گناہ گار نہ ہوتے تو عفو کیا ہوتا
الٰہی تیرے کرم کا ظہور ہم سے ہوا
تمہارے گالوں پہ کس دن تھا چار چلو خوں
شہید وہ ہیں کہ چہرے پہ نور ہم سے ہوا
یہ کہہ رہے ہیں کسی کی نشیلی آنکھ کے تیر
کہ چشم زخم جگر میں سرور ہم سے ہوا
کہے تو جائیے ترک بتاں کی اے واعظ
حضور ہم سے یہ ہوگا حضور ہم سے ہوا
ہمیں تو توڑتے ہیں جام محتسب سچ ہے
کسی کا شیشۂ دل چور چور ہم سے ہوا
خطا معاف یہ جی میں ہے لے کے بوسۂ زلف
تمہیں سے عرض کریں گے قصور ہم سے ہوا
حیا میں شوخی سکھائی تمہیں کرم میں ستم
نگہ میں ناز ادا میں غرور ہم سے ہوا
شراب پی ہے بیاد رخ ملیح بتاں
یہ آب رشک شراب طہور ہم سے ہوا
سلیقہ ہم نے بتایا ستم گری کا تمہیں
تمیز ہم نے سکھائی شعور ہم سے ہوا
نکال لائے بتوں کو ہزار پردوں سے
جہاں میں عام تماشائے طور ہم سے ہوا
کمال یہ ہے کہ انساں بنے وہ بت راسخؔ
یہ مانا رشک پری رشک حور ہم سے ہوا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.