تری رحمتوں کے دیار میں ترے بادلوں کو پتا نہیں
تری رحمتوں کے دیار میں ترے بادلوں کو پتا نہیں
ابھی آگ سرد ہوئی نہیں ابھی اک الاؤ جلا نہیں
مری بزم دل تو اجڑ چکی مرا فرش جاں تو سمٹ چکا
سبھی جا چکے مرے ہم نشیں مگر ایک شخص گیا نہیں
در و بام سب نے سجا لیے سبھی روشنی میں نہا لیے
مری انگلیاں بھی جھلس گئیں مگر اک چراغ جلا نہیں
غم زندگی تری راہ میں شب آرزو تری چاہ میں
جو اجڑ گیا وہ بسا نہیں جو بچھڑ گیا وہ ملا نہیں
جو دل و نظر کا سرور تھا مرے پاس رہ کے بھی دور تھا
وہی ایک گلاب امید کا مری شاخ جاں پہ کھلا نہیں
پس کارواں سر رہ گزر میں شکستہ پا ہوں تو اس لیے
کہ قدم تو سب سے ملا لیے مرا دل کسی سے ملا نہیں
مرا ہم سفر جو عجیب ہے تو عجیب تر ہوں میں آپ بھی
مجھے منزلوں کی خبر نہیں اسے راستوں کا پتہ نہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.