ان کی صورت جہاں نظر آئی
ان کی صورت جہاں نظر آئی
دل کی ہر چوٹ پھر ابھر آئی
مٹ کے ہم ان سے حال کیا کہتے
پرسش غم پہ آنکھ بھر آئی
دل ٹھہرتا نہ تھا مگر ٹھہرا
موت آتی نہ تھی مگر آئی
خود کو میں ڈھونڈنے لگا اس دم
ان کے آنے کی جب خبر آئی
دن تو فرقت کا کٹ گیا لیکن
رات آئی تو بے سحر آئی
مجھ کو دل سے بھلانے بیٹھے ہیں
کیا کریں گے وہ یاد اگر آئی
وہ جو آئے تو مجھ کو ہوش آیا
دل گم گشتہ کی خبر آئی
بھول کر تم کدھر یہ آ نکلے
عید یہ آج کس کے گھر آئی
تم چھٹے جب سے میری دنیا میں
شام آئی نہ پھر سحر آئی
کتنی بے باک ہے محبت بھی
آنکھ ملتے ہی دل میں در آئی
ان کو آنا تھا وہ نہیں آئے
یاد آنی تھی عمر بھر آئی
چاک کرنا پڑا گریباں کو
بات بنتی نہ جب نظر آئی
غم کو ٹالا بہت مگر ساحرؔ
یہ بلا عشق ہی کے سر آئی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.