یاں ہجر میں محشر دل مائل نے دکھایا
یاں ہجر میں محشر دل مائل نے دکھایا
کانوں سے جو سنتے تھے اسے دل نے دکھایا
مجنوں کا اٹھا پردۂ ہستی ادھر اور آہ
آنچل نہ اسے صاحب محمل نے دکھایا
ہم رو پڑے دیکھ اپنی اس آغوش تہی کو
گرد اپنے جو ہالہ مہ کامل نے دکھایا
گر گشتہ ہوئے ہم نہ کھلا زلف کا عقدہ
کیا پیچ اب اس عقدۂ مشکل نے دکھایا
پتھر کو ہوا زخم جگر سے مرض سل
جب زخم جگر آپ کے بسمل نے دکھایا
جوں ریگ رواں بادیہ پیمائی ہے تا عمر
منہ ہم کو نہ آسائش منزل نے دکھایا
کب اہل سخاوت سے ہو تقدیر کے بن فیض
ہم سمجھے لب خشک جو ساحل نے دکھایا
گھونگھٹ سے عیاں صاف ہے اس یار کا جلوہ
عینک کا مزا پردۂ حائل نے دکھایا
اس زلف کی تاثیر سے آنسو ہیں سیہ پوش
سامان الم اشک کی محفل نے دکھایا
دولہؔ یہ غزل ہم نے سنائی تو خجل ہو
دیوان نہ پھر عاقل و غافل نے دکھایا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.