یوں بھی دیکھا نہ کبھی درد کا درماں ہونا
یوں بھی دیکھا نہ کبھی درد کا درماں ہونا
ہائے وہ نشتر مژگاں کا رگ جاں ہونا
وہ تمناؤں کا رہ رہ کے پریشاں ہونا
وہ تری یاد کا دل میں ترے مہماں ہونا
پردے پردے میں ترے وصل کا ساماں ہونا
درد پنہاں کا ترا غمزۂ پنہاں ہونا
محشر ناز ہیں ذرات فضائے کونین
اللہ اللہ کسی کافر کا خراماں ہونا
ہر گھڑی اک نئے عالم کی خبر دیتا ہے
مرا ہنسنا مرا رونا مرا حیراں ہونا
جوش آبادیٔ دنیا سے محبت یعنی
دل حسرت زدہ کا محشر حرماں ہونا
آہ میں ہوں وہ سیہ بخت کہ تقدیر میں تھا
برق سے میرے نشیمن کا چراغاں ہونا
خیر اپنی نہیں تجھ کو یہ کہے دیتا ہے
اپنی ہر ایک ادا پر ترا حیراں ہونا
جلوۂ بزم ازل جلوۂ طور محشر
ہے مرے شوق کے اجزا کا پریشاں ہونا
دیکھیے ناز تغافل کو دکھائے کیا رنگ
اشک حسرت کا سر دامن مژگاں ہونا
وادیٔ معرفت و شوق کے اللہ رے نصیب
جس کی قسمت میں تھا بیخودؔ کا بیاباں ہونا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.