یوں ٹھنی رات تری یاد سے تکرار خیال
یوں ٹھنی رات تری یاد سے تکرار خیال
گنگناتی رہی ہر آن شب تار خیال
چھوڑ کر میرے در و بام وہ مستور تو ہے
بن کے رہتا ہے مگر نقش بہ دیوار خیال
ماند پڑنے لگی جب آئینۂ دل کی جلا
ایک ہی عکس دکھانے لگا زنگار خیال
ہو کے خوشبوئے گل راز اڑے گا اک دن
کب تلک قید رہے گا پس دیوار خیال
تجھ سے قائم ہے مرا سلسلۂ وہم و یقیں
تجھ کو دیکھوں گا کسی روز سر دار خیال
حرف و معنی کی تگ و دو کا نتیجہ یہ ہوا
اپنی آہٹ سے بھی ڈرنے لگا رہوار خیال
نہ کہیں جنس گراں ہے نہ خریدار کوئی
کیسا سنسان پڑا رہتا ہے بازار خیال
نکتہ چیں دل نہ تھا اور راہ سفر مشکل تھی
لوگ ہر موڑ پہ کرتے رہے اظہار خیال
یاد آیا مجھے اس شخص کا جانا ناصرؔ
جس کی شرمندۂ احسان ہے رفتار خیال
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.