ذرا سا شر تھا اگر خیر سے نکل جاتا
ذرا سا شر تھا اگر خیر سے نکل جاتا
تعلقات کا مفہوم ہی بدل جاتا
کوئی سنہری کرن روز ہم بنا لیتے
یہ برف ہوتا ہوا شہر کچھ پگھل جاتا
کسی شجر پہ محبت سے ہاتھ رکھ دیتے
تو گھونسلوں پہ مسلط عذاب ٹل جاتا
تنے سے ٹیک لگائے مناتے شام وفا
تو رات رات میں سارا درخت پھل جاتا
میں سبز بیل کے مانند پھیلتی ہر سو
سفید اونچے ستونوں پہ میرا بل جاتا
ترے نفیس عمامے کے پیچ یوں کھلتے
مسافروں کے لیے سائباں میں ڈھل جاتا
کپاس چنتی ہوئی عورتیں سکھی ہوتیں
جہاں جہاں یہ زمیں ہے کساں کا ہل جاتا
گھروں میں پھیلتی جاتی محبتوں کی مہک
مغائرت کا دھواں خود بہ خود نکل جاتا
ہم ایک دوسرے کی بات رکھ لیا کرتے
یہ رکھ رکھاؤ سبھی فاصلے نگل جاتا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.