زرد پیڑوں پہ نیا رنگ ذرا آنے دے
زرد پیڑوں پہ نیا رنگ ذرا آنے دے
اس طرف بھی نئے موسم کی ہوا آنے دے
جنبش چشم سے گرما دے مرا سرد لہو
سست دریا کو سمندر کی صدا آنے دے
شاخ حالات سے اب جھاڑ بھی دے ترش ثمر
تلخ ہونٹوں پہ کوئی تازہ مزا آنے دے
یوں تو کھا جائے گی ظلمات دل و جاں سب کو
بند کمروں میں کہیں سے تو ضیا آنے دے
گرم راتوں میں خنک ضو کی پڑے دل پہ پھوار
سرخ ہاتھوں کی کوئی شمع حنا آنے دے
جمع ہے ذہن میں کتنا خس و خاشاک خیال
اس کھڑے پانی میں بھی موج بلا آنے دے
خشک پتوں سے بھری شاخیں ہوئیں بار نظر
باغ کا سب سے بڑا پیڑ ہلا آنے دے
خواہش سایہ مجھے چلنے نہ دے گی شاہیںؔ
راہ کی پہلی یہ دیوار گرا آنے دے
- کتاب : 8 Gazal Go (Pg. 81)
- Author : javed Shaheen
- مطبع : Maktaba Meri Library,Lahore (1968)
- اشاعت : 1968
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.