چلو دل دار چلو
ہے بہت موڈ میں اس وقت دل زار چلو
تم مرے ساتھ چلو اور لگاتار چلو
بھاڑ میں ڈالو ہر اک وقت کی دیوار چلو
کہیں گمراہ نہ ہو جائے یہاں پیار چلو
ہم ہیں جب دونوں محبت میں گرفتار چلو
چلو دل دار چلو چاند کے پار چلو
یہ جو دنیا ہے یہ ہم کو نہیں ملنے دے گی
عمر بھر اپنی جگہ سے نہ یہ ہلنے دے گی
عشق کے چاک گریباں کو نہ سلنے دے گی
پیار کے غنچوں کو ہرگز نہیں کھلنے دے گی
ایسے عالم میں مناسب نہیں انکار چلو
چلو دل دار چلو چاند کے پار چلو
ڈالتے رہتے ہیں ڈورے یہ زمانے کے حسیں
اپنی نظروں میں ہیں ایسے کئی غارت گر دیں
تم کو اس بات کا احساس کوئی ہے کہ نہیں
دل نہ پڑ جائے کسی اور کے چکر میں کہیں
میری مانو تو ابھی چھوڑ کے گھر بار چلو
چلو دل دار چلو چاند کے پاس چلو
رہ کے اس دنیا میں تم نے ابھی دیکھا کیا ہے؟
بس یہ سوچو کہ محبت کا تقاضہ کیا ہے؟
رشتہ داروں کی عنایت کا بھروسہ کیا ہے؟
ساتھ ہیں ہم جو تمہارے تمہیں کھٹکا کیا ہے؟
اب تو رہنے دو بہت ہو چکی تکرار چلو
چلو دل دار چلو چاند کے پار چلو
خوف رسوائی کوئی چاند کی دنیا میں نہیں
مامی یا تائی کوئی چاند کی دنیا میں نہیں
ایک ہرجائی کوئی چاند کی دنیا میں نہیں
آپ کا بھائی کوئی چاند کی دنیا میں نہیں
خوش نصیبی کے نظر آتے ہیں آثار، چلو
چلو دل دار چلو چاند کے پار چلو
چاند کے پار سنا ہے کہ فضا اچھی ہے
سرخ ہو جاؤ گی تم آب و ہوا اچھی ہے
جس جگہ ہم ہیں یہاں سے تو ذرا اچھی ہے
مان لو رائے ہماری بہ خدا اچھی ہے
آئے دن تم تو یہاں رہتی ہو بیمار چلو
چلو دل دار چلو چاند کے پار چلو
- کتاب : Papular Kalam (Pg. 83)
- Author : Sayed Ejazuddin Shah Papular Merthi
- مطبع : S.K. Rastogi for Krishna Prakashan Media (P) Ltd.
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.