بوقت عصر اذاں گونجتی ہے صحرا میں
نماز خود ہی مصلیٰ بچھانے آئی ہے
بڑا عجیب تھا منظر
عجیب رات تھی وہ
ہوائیں سہمی ہوئی تھیں چراغ چپ چپ تھے
ہر ایک سمت وہی بے کراں سی خاموشی
فضا اداس
وہی نیم جاں سی خاموشی
سکوت شب میں بھی آہٹ تھی انقلابوں کی
سجی تھی بزم وہاں آسماں جنابوں کی
بہت سی باتیں تھیں اور کوئی بات تھی ہی نہیں
پھر اس کے بعد کوئی رات
رات تھی ہی نہیں
وہ رات جب بھی کبھی یاد آنے لگتی ہے
تو روشنی ہمیں رستہ دکھانے لگتی ہے
اس ایک شب میں مرتب ہوا نصاب وفا
لکھی گئی تھی اسی رات میں کتاب وفا
اس ایک رات کو تحریر کوئی کیسے کرے
خیال و فکر کو زنجیر کوئی کیسے کرے
لہو کے خواب کی تعبیر کوئی کیسے کرے
سفر تھا کیسا وہ کیسی مسافت شب تھی
کوئی بتائے تو
کیسی وہ ساعت شب تھی
مطالبات شریعت بہت زیادہ تھے
اور اس کے پاس فقط ایک شب کی مہلت تھی
اس ایک شب میں اسے کتنے کام کرنے تھے
اسے سکھانا تھا انساں کو بندگی کا شعور
تلاوتوں کا قرینہ سخنوری کا شعور
وہ ایک رات تھی ایسی
کہ قدر و اسریٰ نے
نظر جو اپنی جمائی تو پھر ہٹائی نہیں
وہ ریگزار کے سینے پہ نسب اک خیمہ
لہو سے صبر کی تاریخ لکھنے والا تھا
بجھا بجھا سا کھڑا تھا وہ پاسبان چراغ
مگر درون میں اس کے بہت اجالا تھا
وہ جانتا تھا وفادار ہیں سبھی ناصر
وہ سر کٹائیں گے لیکن نہ ساتھ چھوڑیں گے
چراغ خیمہ بجھانے کا یہ نہ تھا مقصد
کہ اس کو یاور انصار کو پرکھنا تھا
وہ روشنی میں انہیں لانا چاہتا تھا فقط
سمجھ رہا تھا وہ قدرت کے ہر اشارے کو
صدائیں دیتی رہی اس کو دولت دنیا
کہاں وہ صبر کہاں جبر و شوکت دنیا
مگر وہ ایک صدا
آسماں سے آتی ہوئی
بتا رہی تھی
کہ کیا آسمان چاہتا ہے
خدائے پاک کوئی امتحان چاہتا ہے
اسی لئے کوئی صحرا کی سمت بڑھتا رہا
لہو لہو کسی دریا کی سمت بڑھتا رہا
وہ روشنی کی علامت
وہ بانیان چراغ
سمجھ رہا تھا بجھے گا یہ خاندان چراغ
عجیب لوگ تھے وہ خاندان نور کے لوگ
تھے سب کے ایک سے لہجے
کلام یکساں تھے
خلاف ظلم سبھی کے پیام یکساں تھے
بہت ہی غور سے ہر چہرہ پڑھ رہے تھے حسین
کہ آنے والا ہر اک لمحہ پڑھ رہے تھے حسین
وہ ایک رات بھی دیکھو گزر ہی جاتی ہے
سویرے معرکہ ہوتا ہے حق و باطل میں
عجیب جوش ہے جذبہ ہے جاں نثاروں میں
وقار تشنہ لبی کو گلے لگائے ہوئے
گزر رہا ہے قبیلہ لہو کے دریا سے
بوقت عصر اذاں گونجتی ہے صحرا میں
نماز خود ہی مصلیٰ بچھانے آئی ہے
سر حسین ادا کر رہا ہے سجدۂ شکر
گلوئے خشک پہ خنجر کی دھار چلتی ہے
پڑھا تھا جس نے کبھی
کل من علیھا فان
لہو سے اس نے لکھا
لا الہ الا اللہ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.