بندر والا
ڈگ ڈگ ڈگ ڈگ کرتا آیا
بندر والا بندر لایا
ہاتھ میں اک موٹا سا ڈنڈا
ڈنڈے میں اک لال سا جھنڈا
کندھے پر میلا سا جھولا
پیچھے بندر بھولا بھولا
بندر کے ساتھ اک بندریا
پہنے ہوئے اک لال گھگریا
کوچوں بازاروں سے گزرتا
چوک میں آیا ڈگ ڈگ کرتا
دیکھ کے کچھ لوگوں کا جمگھٹ
اس نے کھیل جمایا جھٹ پٹ
جب لوگوں نے گھیرا باندھا
چھلنے لگا کاندھے سے کاندھا
لے کر ڈنڈا رکھ کر جھولا
بندر والا ہنس کر بولا
ناچو بیٹا ناچو بیٹا
بندر نے بھی جسم سمیٹا
اپنے دونوں ہاتھ اٹھا کر
گردن اور کولھے مٹکا کر
جھجکا اور نہ کچھ شرمایا
تھرک تھرک کر ناچ دکھایا
دیکھیے اب سسرال میں جانا
اور بیوی کو ساتھ میں لانا
بیوی پہلے تو شرمائی
پھر وہ چھم چھم کر آئی
لڑکوں نے بندر کو ستایا
بندر کو بھی غصہ آیا
جھپٹا ان پر ڈنڈا لے کر
ان کو ڈرایا بھپکی دے کر
کر کے تماشے ایسے ایسے
سب لوگوں سے مانگے پیسے
وقت ابھی تھا ٹھنڈا ٹھنڈا
چلتا بنا لے جھولا ڈنڈا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.