گل تر
اے گل تر کس قدر دل کش ہے نظارہ ترا
حامل حسن ازل ہے قلب سی پارہ ترا
پتی پتی میں تری پیش نگاہ عارفاں
لے رہا ہے اک جہان رنگ و بو انگڑائیاں
فاش تیری دید سے ہے چشم بینا پر یہ راز
جلوہ گر ہے آئینے کے بھیس میں آئینہ ساز
فرش کے رنگیں صحیفے گلشن فانی کے پھول
جاں فزا ہے عرش دل پر یہ تری شان نزول
لیکن اس دنیا میں حسن چند روزہ کا مآل
بڑھ رہا ہے تیری جانب لے کے پیغام زوال
منتشر ہوں گے یہ اوراق کتاب رنگ و بو
چاک کر دے گی خزاں آخر نقاب رنگ و بو
زیب سر کر کے تجھے ارماں نکالا جائے گا
پاؤں کے نیچے پھر اک دن روند ڈالا جائے گا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.