Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

گماں کا ممکن۔ جو تو ہے میں ہوں

ن م راشد

گماں کا ممکن۔ جو تو ہے میں ہوں

ن م راشد

MORE BYن م راشد

    کریم سورج

    جو ٹھنڈے پتھر کو اپنی گولائی

    دے رہا ہے

    جو اپنی ہمواری دے رہا ہے

    (وہ ٹھنڈا پتھر جو میرے مانند

    بھورے سبزوں میں

    دور ریگ و ہوا کی یادوں میں لوٹتا ہے)

    جو بہتے پانی کو اپنی دریا دلی کی

    سرشاری دے رہا ہے

    وہی مجھے جانتا نہیں

    مگر مجھی کو یہ وہم شاید

    کہ آپ اپنا ثبوت اپنا جواب ہوں میں!

    مجھے وہ پہچانتا نہیں ہے

    کہ میری دھیمی صدا

    زمانے کی جھیل کے دوسرے کنارے

    سے آ رہی ہے

    یہ جھیل وہ ہے کہ جس کے اوپر

    ہزاروں انساں

    افق کے متوازی چل رہے ہیں

    افق کے متوازی چلنے والوں کو پار لاتی ہیں

    وقت لہریں

    جنہیں تمنا، مگر، سماوی خرام کی ہو

    انہی کو پاتال زمزموں کی صدا سناتی ہیں

    وقت لہریں

    انہیں ڈبوتی ہیں وقت لہریں!

    تمام ملاح اس صدا سے سدا ہراساں، سدا گریزاں

    کہ جھیل میں اک عمود کا چور چھپ کے بیٹھا ہے

    اس کے گیسو افق کی چھت سے لٹک رہے ہیں

    پکارتا ہے: ''اب آؤ، آؤ!

    ازل سے میں منتظر تمہارا

    میں گنبدوں کے تمام رازوں کو جانتا ہوں

    درخت مینار برج زینے مرے ہی ساتھی

    مرے ہی متوازی چل رہے ہیں

    میں ہر ہوائی جہاز کا آخری بسیرا

    سمندروں پر جہاز رانوں کا میں کنارا

    اب آؤ، آؤ!

    تمہارے جیسے کئی فسانوں کو میں نے ان کے

    ابد کے آغوش میں اتارا''

    تمام ملاح اس کی آواز سے گریزاں

    افق کی شاہراہ مبتذل پر تمام سہمے ہوئے خراماں

    مگر سماوی خرام والے

    جو پست و بالا کے آستاں پر جمے ہوئے ہیں

    عمود کے اس طناب ہی سے اتر رہے ہیں

    اسی کو تھامے ہوئے بلندی پہ چڑھ رہے ہیں!

    اسی طرح میں بھی ساتھ ان کے اتر گیا ہوں

    اور ایسے ساحل پر آ لگا ہوں

    جہاں خدا کے نشان پا نے پناہ لی ہے

    جہاں خدا کی ضعیف آنکھیں

    ابھی سلامت بچی ہوئی ہیں،

    یہی سماوی خرام میرا نصیب نکلا

    یہی سماوی خرام جو میری آرزو تھا

    مگر نہ جانے

    وہ راستہ کیوں چنا تھا میں نے

    کہ جس پہ خود سے وصال تک کا گماں نہیں ہے؟

    وہ راستہ کیوں چنا تھا میں نے

    وہ رک گیا ہے دلوں کے ابہام کے کنارے؟

    وہی کنارا کہ جس کے آگے گماں کا ممکن

    جو تو ہے میں ہوں!

    مگر یہ سچ ہے،

    میں تجھ کو پانے کی (خود کو پانے کی) آرزو میں نکل پڑا تھا

    اس ایک ممکن کی جستجو میں

    جو تو ہے میں ہوں

    میں ایسے چہرے کو ڈھونڈھتا تھا

    جو تو ہے میں ہوں

    میں ایسی تصویر کے تعاقب میں گھومتا تھا

    جو تو ہے میں ہوں!

    میں اس تعاقب میں

    کتنے آغاز گن چکا ہوں

    (میں اس سے ڈرتا ہوں جو یہ کہتا

    ہے مجھ کو اب کوئی ڈر نہیں ہے)

    میں اس تعاقب میں کتنی گلیوں سے،

    کتنے چوکوں سے،

    کتنے گونگے مجسموں سے، گزر گیا ہوں

    میں اس تعاقب میں کتنے باغوں سے،

    کتنی اندھی شراب راتوں سے،

    کتنی بانہوں سے،

    کتنی چاہت کے کتنے بپھرے سمندروں سے

    گزر گیا ہوں

    میں کتنی ہوش و عمل کی شمعوں سے،

    کتنے ایماں کے گنبدوں سے

    گزر گیا ہوں

    میں اس تعاقب میں کتنے آغاز کتنے انجام گن چکا ہوں

    اب اس تعاقب میں کوئی در ہے

    نہ کوئی آتا ہوا زمانہ

    ہر ایک منزل جو رہ گئی ہے

    فقط گزرتا ہوا فسانہ

    تمام رستے، تمام بوجھے سوال، بے وزن ہو چکے ہیں

    جواب، تاریخ روپ دھارے

    بس اپنی تکرار کر رہے ہیں

    جواب ہم ہیں جواب ہم ہیں

    ہمیں یقیں ہے جواب ہم ہیں

    یقیں کو کیسے یقیں سے دہرا رہے ہیں کیسے!

    مگر وہ سب آپ اپنی ضد ہیں

    تمام، جیسے گماں کا ممکن

    جو تو ہے میں ہوں!

    تمام کندے (تو جانتی ہے)

    جو سطح دریا پہ ساتھ دریا کے تیرتے ہیں

    یہ جانتے ہیں یہ حادثے

    کہ جس سے ان کو،

    (کسی کو) کوئی مفر نہیں!

    تمام کندے جو سطح دریا پہ تیرتے ہیں،

    نہنگ بننا یہ ان کی تقدیر میں نہیں ہے

    (نہنگ کی ابتدا میں ہے اک نہنگ شامل

    نہنگ کا دل نہنگ کا دل!)

    نہ ان کی تقدیر میں ہے پھر سے درخت بننا

    (درخت کی ابتدا میں ہے اک درخت شامل

    درخت کا دل درخت کا دل!)

    تمام کندوں کے سامنے بند واپسی کی

    تمام راہیں

    وہ سطح دریا پہ جبر دریا سے تیرتے ہیں

    اب ان کا انجام گھاٹ ہیں جو

    سدا سے آغوش وا کیے ہیں

    اب ان کا انجام وہ سفینے

    ابھی نہیں جو سفینہ گر کے قیاس میں بھی

    اب ان کا انجام

    ایسے اوراق جن پہ حرف سیہ چھپے گا

    اب ان کا انجام وہ کتابیں

    کہ جن کے قاری نہیں، نہ ہوں گے

    اب ان کا انجام ایسے صورت گروں کے پردے

    ابھی نہیں جن کے کوئی چہرے

    کہ ان پہ آنسو کے رنگ اتریں،

    اور ان میں آئندہ

    ان کے رویا کے نقش بھر دے

    غریب کندوں کے سامنے بند واپسی کی

    تمام راہیں

    بقائے موہوم کے جو رستے کھلے ہیں اب تک

    ہے ان کے آگے گماں کا ممکن

    گماں کا ممکن جو تو ہے میں ہوں!

    جو تو ہے میں ہوں

    ویڈیو
    This video is playing from YouTube

    Videos
    This video is playing from YouTube

    نامعلوم

    نامعلوم

    ضیا محی الدین

    ضیا محی الدین

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi

    Get Tickets
    بولیے