ہم دونوں میں سے ایک
ہم بہت تھوڑے لوگ ہیں
وہ بہت زیادہ
ہم لا پروا ہیں خود اپنی ذات سے
ہمیں ایک دوسرے کے مفادات کی کیا فکر
وہ آپس میں شیر و شکر ہیں
اور ہمیں کمزور رکھنے کے لیے
ساز باز کرتے رہتے ہیں
ان کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے
جوں جوں ہمارے لوگ
ہمیں چھوڑ کر
ان کے پاس جا رہے ہیں
ہم کسی کو نہیں روکتے
بلکہ کوئی ایک قدم بھی آگے بڑھائے
تو فرض کر لیتے ہیں
کہ وہ ان کی جانب بڑھ رہا ہے
وہ منتظر دیکھتے رہتے ہیں
کب کوئی ہمارے دائرے سے تھوڑا سا باہر نکلے
اور وہ اسے رجھا کر اپنے ساتھ ملا لیں
ان کے پاس گئے لوگوں میں
ہو سکتا ہے اب کوئی افسوس کرتا ہو
اور واپس آنا چاہے
مگر ہم اس کی پروا بہت کم کرتے ہیں
اور یہ ممکن بھی نہیں ہے
کیونکہ ان کے ساتھ وقت ضائع کرنے والوں کے پاس
ہمارے لیے وقت بچ نہیں سکتا
وہ انتظار میں ہیں
بس ہم میں سے ایک آخری بچ جائے
تو وہ اسے پتھر مار کر ہلاک کر ڈالیں
ہم ایک دوسرے کو دیکھ رہے ہیں
اور ڈر رہے ہیں
کیا ہم دونوں میں سے کوئی
دوسرے کو پتھر مارے گا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.