ہم ایک ہیں
ایک ہے اپنی زمیں
ایک ہے اپنا گگن
ایک ہے اپنا جہاں
ایک ہے اپنا وطن
اپنے سبھی سکھ ایک ہیں
اپنے سبھی غم ایک ہیں
آواز دو ہم ایک ہیں
یہ وقت کھونے کا نہیں
یہ وقت سونے کا نہیں
جاگو وطن خطرے میں ہے
سارا چمن خطرے میں ہے
پھولوں کے چہرے زرد ہیں
زلفیں فضا کی گرد ہیں
امڑا ہوا طوفان ہے
گھر کی حفاظت فرض ہے
بیدار ہو بیدار ہو
آمادۂ پیکار ہو
آواز دو ہم ایک ہیں
یہ ہے ہمالہ کی زمیں
تاج و اجنتا کی زمیں
سنگم ہماری آن ہے
چتور اپنی شان ہے
گل مرگ کا مہکا چمن
جمنا کا تٹ گوکل کا بن
گنگا کے دھارے اپنے ہیں
یہ سب ہمارے اپنے ہیں
کہہ دو کوئی دشمن نظر
اٹھے نہ بھولے سے ادھر
کہہ دو کہ ہم بیدار ہیں
کہہ دو کہ ہم تیار ہیں
آواز دو ہم ایک ہیں
اٹھو جوانان وطن
باندھے ہوئے سر سے کفن
اٹھو دکن کی اور سے
گنگ و جمن کی اور سے
پنجاب کے دل سے اٹھو
ستلج کے ساحل سے اٹھو
بنگال سے گجرات سے
کشمیر کے باغات سے
نیفا سے راجستھان سے
کل خاک ہندوستان سے
آواز دو ہم ایک ہیں
ہم ایک ہیں
ہم ایک ہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.