کل اور آج
شاخ پر اک پیڑ کی
دو کبوتر مائل راز و نیاز
مرغزاروں میں عنادل کی چہک
عارضوں پر لالہ زاروں کی لہک
ہر گلی میں زلف مشکیں کی مہک
مانگ میں سیندور کی لالی
ہونٹ پر خنداں چمن
میکدے میں دل کے رقصاں
آرزوؤں کی دلہن
ہر قدم پر
کہکشاں ہی کہکشاں
کوچہ و بازار میں
مدرسوں میں اور ملوں میں
گاؤں میں اور شہر میں
ہر طرف
زیست کی جلوہ گری
روشنی ہی روشنی
مسجدوں میں
مثنویٔ مولویٔ معنوی
محفلوں میں
میرؔ و غالبؔ کی غزل
معرکوں میں
شعلہ افشاں نذرل آتش بیاں
ریڈیو پر
شاعر مشرق کی نظمیں
مندروں میں
سورداس اور آربندو کے بھجن
شاہراہ وقت پر
زندگی کے سنگ میل
تھی نگار زیست کل
یوں جواں ہر دم رواں پیہم رواں
پیڑ ننگے
شاخ سے لٹکا ہوا
سر کسی معصوم کا
اور نیچے
جسم سے چمٹا ہوا
غول گدھ کا
کوچہ و بازار میں
بے کسی نوحہ گری
کارخانوں میں مشینیں دم بخود
مدرسوں میں نوحہ خواں
علم و حکمت کے امام
کیمپوں میں زندگی
خاک برسر نالہ بر لب چشم تر
اور سڑکوں پر
دندناتی گاڑیاں
جن کے چہرے پر منقش ریڈ کراس
ہر طرف
موت کی جلوہ گری
تیرگی ہی تیرگی
مسجدوں میں
خون کے دھبے نمایاں جا بجا
محفلوں میں
خامشی نغمہ سرا
ریڈیو خاموش
ٹیلی ویژن سرنگوں
ہے نگار زیست آج
مضمحل دامن دریدہ
نقش غم نالہ کناں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.