لفظ
لفظ تقدیر مری
حسن بھی لفظ میں ہے
عشق بھی لفظ میں ہے
عدل بھی لفظ میں ہے
لفظ میں ساز ازل
لفظ میں راز ابد
لفظ معمورۂ خوشبو
لفظ اک قوس قزح
لفظ بادل کا خرام
لفظ دریا کی روانی
لفظ میں رفعت کوہ
لفظ میں وسعت صحرا
لفظ مٹی کا نمو
لفظ میں چاند کا محور
لفظ میں مطلع خورشید درخشاں
لفظ نیرنگی ایام کی دھڑکن
لفظ حیرت کدۂ کون و مکاں
لفظ میں وقت کی رفتار کی چاپ
جسم کا رمز شناسا بھی ہے لفظ
لفظ میں آنکھ کا نور
لفظ آواز کا روپ
لفظ ہی زلف دوتا
لفظ ہی روئے منور
لفظ شیرینیٔ لب
لفظ انداز جنوں
لفظ ہی روح کا دانائے سبل
لفظ ہے اس کا جمال
لفظ ہے اس کا جلال
لفظ موجود بھی ہے غیب بھی ہے
لفظ ہے حامل اسرار و رموز
لفظ نمرود کی آتش میں گل افشاں
لفظ سے وادیٔ سینا بھی ہوئی بقعۂ نور
ید بیضا بھی ہے لفظ
دم عیسیٰ بھی ہے لفظ
لفظ ہی شق قمر
لفظ براق ہے معراج کی شب
لفظ ہی روح امیں
۲
میں بھی اک لفظ ہی تھا
مگر اب بکھرا ہوا حرفوں میں
حرف ظلمات میں محصور ہوئے
منتظر ہوں
دم عیسیٰ
ید بیضا
ان کو پھر لفظ بنا دے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.