میں تمہارے لیے لے کے آیا ہوں
دفتر سے چرایا ہوا نصف دن
دوستوں سے بچائی ہوئی ایک شام
بچوں سے ٹھگے ہوئے وعدے
بیوی کے حصے سے کچھ نرم گرم لمس
کچھ سوتے جاگتے بوسے
اور خوابوں سے ٹانکی ہوئی یہ رات!
میں تمہارے لیے لے کے آیا ہوں
سر سبز موسموں کے اجلے بیج
قدیم زمانوں سے رستی ہوئی خنک ہوا
آبی کناروں سے سرشار مٹی کی روئیدگی
اور رگوں میں کھلتے ہوئے سفید گلابوں کا شہد!
میں تمہارے لیے لے کے آیا ہوں
بے ترتیب سانسوں کی مالا
دہکتے ہاتھوں کی سرسراہٹ
آنکھوں میں دور تک گونجتی ہوئی خاموشی
اور وجدان میں
ایک بھولی ہوئی مسکراہٹ!
تم نے میرے لیے رکھی ہے
بے کیف تنہائی کی آغوش
ٹھنڈے لمس سے آویزاں مسکراہٹ
پسینے میں بھیگے بستر کے تیور
کھردرے لہجے کی کڑواہٹ
عریاں خواہشوں کی خراشیں
گزری رات کی باسی مہک
اور طلوع ہوتے پچھتاوے کی ایک صبح!
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.