کھڑکی پر مہتاب ٹکا تھا
رات سنہری تھی
اور دیوار پہ ساعت گنتی
سوئی سوئی گھڑی کی سوئی
چلتے چلتے سمت گنوا کر غلطاں پیچاں تھی
میں بھی خود سے آنکھ چرا کر
اپنے حال سے ہاتھ چھڑا کر
برسوں کو فرسنگ بنا کر
جانے کتنی دور چلا تھا
جانے کس کو ڈھونڈ رہا تھا
دھندلے دھندلے چہرے کیسے رنگ رنگیلے تھے
پیلے پیلے پھول تھے آنچل نیلے نیلے تھے
کیا چمکیلی آنکھیں کیسے خواب سجیلے تھے
لیکن آنکھیں نم تھیں منظر سیلے سیلے تھے
اک چہرہ تھا روشن جیسے چاند گھٹاؤں میں
اک مسکان تھی جیسے بکھریں رنگ فضاؤں میں
منظر منظر تکتا جاتا چلتا جاتا میں
اس منظر سے اس منظر تک بڑھتا جاتا میں
اک تصویر کو رک کر دیکھا رک نہیں پایا میں
اس کھڑکی سے اس آنگن تک جھک نہیں پایا میں
جیسے اس شب چلتے رہنا قسمت ٹھہری تھی
میرے تعاقب میں
یادوں کی پچھل پیری تھی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.