نیند میں مرا منا
روز مسکراتا ہے
چسکیاں سی بھرتا ہے
اور کھلکھلاتا ہے
نیند میں مرا منا
خواب دیکھتا ہوگا
دودھ کی کئی نہریں
خواب میں بہی ہوں گی
ننھے ننھے پودوں پر
ٹافیاں لگی ہوں گی
کیک کے مکاں ہوں گے
جن کی چھت پہ مکھن کی
برف جم رہی ہوگی
چاند ہنس رہا ہوگا
چاندنی کھلی ہوگی
ننھی منی چڑیائیں
نیلی پیلی گڑیائیں
رقص کر رہی ہوں گی
ایک ٹانگ کا مرغا
بانگ دے رہا ہوگا
پچھلے پاؤں پر بھالو
ناچنے لگا ہوگا
کاٹھ کا حسیں گھوڑا
ہنہنا رہا ہوگا
جس پہ بیٹھ کر منا
مسکرا رہا ہوگا
اور اس کی اماں کی
پیار سے بھری آنکھیں
ایک ایک کونے سے
اس کو دیکھتی ہوں گی
نیند میں مرا منا
روز مسکراتا ہے
چسکیاں سی بھرتا ہے
اور کھلکھلاتا ہے
نیند میں مرا منا
چونک چونک پڑتا ہے
ہڑبڑا سا جاتا ہے
اور رونے لگتا ہے
نیند میں مرا منا
خواب دیکھتا ہوگا
اک گھنا گھنا جنگل
خواب میں رہا ہوگا
اونچے اونچے پیڑوں کی
پھیلی پھیلی شاخوں پر
سانپ رینگتے ہوں گے
سبز سبز پتوں کے
نرم نرم بستر پر
شیر اونگھتے ہوں گے
ہاتھیوں کے دل کے دل
لمبی لمبی سونڈوں سے
گھاس کھا رہے ہوں گے
جھاڑیوں میں چھپ چھپ کر
کالے کالے بن مانس
تیر پھینکتے ہوں گے
ہاں انہی درندوں میں
ہو نہ ہو مرا منا
گھر کے رہ گیا ہوگا
اور اس کی اماں کی
خوف سے بھری آنکھیں
ایک ایک کونے سے
اس کو دیکھتی ہوں گی
نیند میں مرا منا
چونک چونک پڑتا ہے
ہڑبڑا سا جاتا ہے
اور رونے لگتا ہے
جاگ کر مرا منا
مجھ کو پاس پاتا ہے
میری گود میں آ کر
رونا بھول جاتا ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.