محبت
خدا کا اک عطیہ ہے خدا کی ایک نعمت ہے
گراں مایہ یہ تحفہ ہے محبت ایک دولت ہے
محبت نور یزداں ہے محبت ظل سبحانی
محبت جام عرفاں ہے محبت کیف ایمانی
محبت آب حیواں ہے محبت ابر نیسانی
سراسر یہ سعادت ہے سراپا ایک رحمت ہے
محبت ایک تحفہ ہے محبت ایک دولت ہے
محبت باعث امکاں محبت جان عالم ہے
محبت زیور انساں محبت حسن آدم ہے
محبت آیۂ رحماں محبت اسم اعظم ہے
نظام زندگی قائم محبت کی بدولت ہے
محبت ایک تحفہ ہے محبت ایک دولت ہے
محبت پاک جذبہ ہے محبت ذوق کامل ہے
متاع زندگی ہے اور یہی دنیا کا حاصل ہے
اگر دنیا سمندر ہے محبت اس کا ساحل ہے
اسی کا نام راحت ہے اسی کا نام عشرت ہے
محبت ایک تحفہ ایک دولت ہے
محبت جاری و ساری زمیں سے آسماں تک ہے
اسی کی کار فرمائی مکاں سے لا مکاں تک ہے
محبت ہے وہاں تک فکر انسانی جہاں تک ہے
محیط وسعت گیتی محبت ہے محبت ہے
محبت ایک تحفہ ہے محبت ایک دولت ہے
محبت ہی سے یہ دنیا حسیں معلوم ہوتی ہے
بڑی دل کش بلا کی دل نشیں معلوم ہوتی ہے
نظر میں پھر یہی خلد بریں معلوم ہوتی ہے
محبت ایک دوشیزہ کی طرح خوب صورت ہے
محبت ایک تحفہ ہے محبت ایک دولت ہے
محبت جس میں ہوتی ہے وہ دل بیدار رہتا ہے
محبت کے نشے سے ہر گھڑی سرشار رہتا ہے
وہی دل شاد دنیا میں بس اے مختارؔ رہتا ہے
بشر کے واسطے یہ تو بہت ہی بیش قیمت ہے
محبت ایک تحفہ ہے محبت ایک دولت ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.