مجھے خاموش رہنے دو
یہ چڑیاں چہچہاتی ہیں تو ان کو چہچہانے دو
پرندوں کو درختوں پر خوشی کے گیت گانے دو
زمیں پر ابر کی ہر بوند کو نغمے سنانے دو
فلک پر لیلیٔ قوس قزح کو مسکرانے دو
مرا دل سرد ہے مجھ کو یوں ہی بے ہوش رہنے دو
مجھے خاموش رہنے دو
فضائے دہر لبریز مسرت ہے تو مجھ کو کیا
اگر دنیا خراب عیش و عشرت ہے تو مجھ کو کیا
جو معمور صدا ساز محبت ہے تو مجھ کو کیا
جہاں کو میرے نغموں کی ضرورت ہے تو مجھ کو کیا
مجھے اپنے خیالوں ہی سے ہم آغوش رہنے دو
مجھے خاموش رہنے دو
مجھے فرصت نہیں ہے فرط غم سے سر اٹھانے کی
گراں ہے میرے دل پر شورش و کاوش زمانے کی
ابھی کڑیاں مرتب ہو رہی ہیں اک فسانے کی
ابھی ساعت کہاں ہے داستان دل سنانے کی
کسی کی یاد میں مجھ کو تصور کوش رہنے دو
مجھے خاموش رہنے دو
جو میں بولا تو سب کو اپنے اشکوں میں بھگو دوں گا
دل انساں میں غم کے سینکڑوں کانٹے چبھو دوں گا
جو میں بولا تو گویائی زمانے بھر کی کھو دوں گا
جو میں بولا تو دنیا کو خموشی میں ڈبو دوں گا
یہی بہتر ہے خلوت میں مجھے خاموش رہنے دو
مجھے خاموش رہنے دو
- Subh-e-Mashriq
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.