نانی کا پاندان
دلچسپ معلومات
(ماہنامہ مسرت، اکتوبر1967)
دنیا میں بے مثال ہے نانی کا پاندان
وابستہ اس کی ذات سے ہے ایک داستان
پیندا الگ ہے جس سے بندھا ایک تار ہے
سرپوش کا بھی بیچ سے سینہ فگار ہے
اشیائے خوردنی کی بھی اس میں قطار ہے
نانی کو اس سے شغل میں لطف بہار ہے
ممکن نہیں کہ اس سے جدا ہوں وہ ایک آن
دنیا میں بے مثال ہے نانی کا پاندان
کتھے میں ڈوبی دیکھیے راشن کی ہے رسید
اکثر اسی میں نوٹوں کی مٹی ہوئی پلید
پیسوں کی پوٹلی بھی ملے اس میں کیا بعید
اس کا وجود سب کے لیے ہے بہت مفید
واقف ہے اس کے جوہر ذاتی سے خاندان
دنیا میں بے مثال ہے نانی کا پاندان
کلھیوں کے بدلے چینی کے ٹوٹے پیالے ہیں
کافور ہینگ سونف پچیسوں مسالے ہیں
بیسوں برس کے چند پرانے رسالے ہیں
کچھ کھیت کی رسیدیں ہیں پھٹے قبالے ہیں
نانا کے کچھ خطوط بڑھاتے ہیں اس کی شان
دنیا میں بے مثال ہے نانی کا پاندان
بستی کے سب بزرگ بھی مل بیٹھیں گر بہم
مشکل سے اس کی عمر کوئی کر سکے رقم
اتنی سی بات ہے جو ذکیؔ جانتے ہیں ہم
نانی جسے سناتی ہیں اکثر بہ چشم نم
نانی کی نانی نے بھی لگائے تھے اس سے پان
دنیا میں بے مثال ہے نانی کا پاندان
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.