قومی ترانہ
اے مرے ہندوستاں جنت نشاں
بہہ رہی ہیں تیرے سینے پر وہ شیتل ندیاں
کھیلتا ہے جن کی لہروں پر سروروں کا جہاں
جھومتا ہے جن سروروں میں شباب جاوداں
پاسبانی جن کی کرتا ہے ہمالہ سا جواں
اے مرے ہندوستاں جنت نشاں
تیرے باغوں کی لہک سے جھانکتی ہے زندگی
زندگی وہ موت کو بھی جس سے ہو شرمندگی
جس سے حاصل ہو حریم روح کو تابندگی
خلد زاروں کا ہے تیرے گلستانوں پر گماں
اے مرے ہندوستاں جنت نشاں
تیرے پربت سیم و زر کا گنگناتا آبشار
تیرے چشمے بربط ناہید کا زرین تار
تیرے جنگل خلد کے سپنے کی سندر سی بہار
مست جھونکوں کی زباں پر مدھ بھری موسیقیاں
اے مرے ہندوستاں جنت نشاں
تیری مستانہ ہواؤں میں جوانی ضو فگن
ذرے ذرے سے نمایاں طور کا سا بانکپن
مسکراتی ہے فضاؤں میں نشیلی سی پھبن
تیری وادی میں سرور و کیف کی نہریں رواں
اے مرے ہندوستاں جنت نشاں
بام آزادی کے خوش انجام زینے کے لئے
تیری الفت کے نشیلے جام پینے کے لئے
یعنی تیری گود میں آزاد جینے کے لئے
بجلیاں بن کر گریں گے غیر پر ہم ناگہاں
اے مرے ہندوستاں جنت نشاں
- کتاب : Azadi Ki Nazmein (Pg. 84)
- Author : Sibte Hasan
- مطبع : Uttar Prdesh Urdu Academy,Lucknow (1985)
- اشاعت : 1985
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.