شفق
اے شفق اے زیور آرائش چرخ بریں
تجھ میں وہ شوخی ہے جو خون شہیداں میں نہیں
تیری ہر ہر موج میں ہے لالۂ احمر کا رنگ
عقل انسانی ہے جس کو دیکھ کر حیرت سے دنگ
تو نے کھولا میکدہ اہل فلک کے واسطے
مست ان کو کر دیا اپنی شراب سرخ سے
تیرا یہ رنگین منظر اک طلسم خواب ہے
تیری یہ شوخی ہے یا اک موجۂ بیتاب ہے
سچ بتا دے کون ہے جس کا ہے تجھ میں انعکاس
اے شفق کرتی ہے کس کے نور سے تو اقتباس
ہے کسی شاعر کا خون دل ترے رخسار پر
ایک دھیمی روشنی ہے ہر در و دیوار پر
دہر کی ہر شے ترے پرتو سے رنگیں ہو گئی
شورش ہستی ترے دامن میں آ کر سو گئی
جی میں آتا ہے کہ میں کہہ دوں تجھے رنگ شباب
دل نشیں تجھ کو بتا دوں یا کوئی ہستی کا خواب
یا کہ دوشیزہ ہے اک مست مئے حسن بہار
سرخ آنچل جس کا اڑتا ہے فضا میں بار بار
یا تبسم ہے کسی کے چہرۂ زیبا کا تو
یا کہ نقش اولیں ہے حسن بے پروا کا تو
تیری سرخی میں نہاں ہے کچھ شراب زندگی
تیری تہ میں غرق ہے موج شباب زندگی
کاش تو ثاقبؔ کو بھی اپنا بنا لے راز دار
جستجوئے راز میں مدت سے ہے وہ بے قرار
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.