شور بربط و نے
پہلی آواز
اب سعی کا امکاں اور نہیں پرواز کا مضموں ہو بھی چکا
تاروں پہ کمندیں پھینک چکے مہتاب پہ شب خوں ہو بھی چکا
اب اور کسی فردا کے لیے ان آنکھوں سے کیا پیماں کیجے
کس خواب کے جھوٹے افسوں سے تسکین دل ناداں کیجے
شیرینیٔ لب خوشبوئے دہن، اب شوق کا عنواں کوئی نہیں
شادابیٔ دل تفریح نظر اب زیست کا درماں کوئی نہیں
جینے کے فسانے رہنے دو اب ان میں الجھ کر کیا لیں گے
اک موت کا دھندا باقی ہے جب چاہیں گے نپٹا لیں گے
یہ تیرا کفن وہ میرا کفن یہ میری لحد وہ تیری ہے
دوسری آواز
ہستی کی متاع بے پایاں جاگیر تری ہے نہ میری ہے
اس بزم میں اپنی مشعل دل بسمل ہے تو کیا رخشاں ہے تو کیا
یہ بزم چراغاں رہتی ہے اک طاق اگر ویراں ہے تو کیا
افسردہ ہیں گر ایام ترے بدلا نہیں مسلک شام و سحر
ٹھہرے نہیں موسم گل کے قدم قائم ہے جمال شمس و قمر
آباد ہے وادیٔ کاکل و لب شاداب و حسیں گلگشت نظر
مقسوم ہے لذت درد جگر موجود ہے نعمت دیدۂ تر
اس دیدۂ تر کا شکر کرو اس ذوق نظر کا شکر کرو
اس شام و سحر کا شکر کرو ان شمس و قمر کا شکر کرو
پہلی آواز
گر ہے یہی مسلک شمس و قمر ان شمس و قمر کا کیا ہوگا
رعنائی شب کا کیا ہوگا انداز سحر کا کیا ہوگا
جب خون جگر برفاب بنا جب آنکھیں آہن پوش ہوئیں
اس دیدۂ تر کا کیا ہوگا اس ذوق نظر کا کیا ہوگا
جب شعر کے خیمے راکھ ہوئے نغموں کی طنابیں ٹوٹ گئیں
یہ ساز کہاں سر پھوڑیں گے اس کلک گہر کا کیا ہوگا
جب کنج قفس مسکن ٹھہرا اور جیب و گریباں طوق و رسن
آئے کہ نہ آئے موسم گل اس درد جگر کا کیا ہوگا
دوسری آواز
یہ ہاتھ سلامت ہیں جب تک اس خوں میں حرارت ہے جب تک
اس دل میں صداقت ہے جب تک اس نطق میں طاقت ہے جب تک
ان طوق و سلاسل کو ہم تم سکھلائیں گے شورش بربط و نے
وہ شورش جس کے آگے زبوں ہنگامۂ طبل قیصر کے
آزاد ہیں اپنے فکر و عمل بھرپور خزینہ ہمت کا
اک عمر ہے اپنی ہر ساعت امروز ہے اپنا ہر فردا
یہ شام و سحر یہ شمس و قمر یہ اختر و کوکب اپنے ہیں
یہ لوح و قلم یہ طبل و علم یہ مال و حشم سب اپنے ہیں
- کتاب : Nuskha Hai Wafa (Pg. 122)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.