سیتا
ترا نام لے کر سحر جاگتی ہے
ترے گیت گاتی ہے تاروں کی محفل
تری خاک پا ہند کا راز عظمت
تری زندگی میرے خوابوں کی منزل
کہانی تری سن کے تھرا اٹھی میں
دھڑکنے لگا دھیرے دھیرے مرا دل
چھپائے ہیں سینے میں کچھ راز اپنے
دکن کے کہستاں کی تپتی چٹانیں
مسافر کچھ آئے تھے ان جنگلوں میں
فضا میں ہیں بکھری ہوئی داستانیں
وہ ہمدرد آنکھیں وہ باتوں میں جادو
وہ مضبوط بازو وہ بھاری کمانیں
وہ اک خود فراموش پی کی پجارن
کٹی پتیوں کی ندی کا کنارا
نگاہوں سے چھنتا ہوا نور الفت
جبیں پر فروزاں وفا کا ستارہ
برستے ہوئے پھول خوشیوں کے ہر سو
زمانہ بھی تھا رک کے محو نظارہ
وہ پیہم سفر وہ حوادث کے طوفاں
وہ پیروں میں چھالے وہ ہنستی نگاہیں
کبھی دل کو غربت میں بہلائے رکھنا
کبھی دیس کی یاد میں سرد آہیں
رہی سالہا سال تو جادہ پیما
یہ دھن تھی کہ طے ہوں ریاضت کی راہیں
مگر آزمائش تھی کچھ اور باقی
ابھی سامنے اور بھی امتحاں تھے
اسیری پھر اک راکشس کی اسیری
بہت دور تجھ سے ترے پاسباں تھے
تری پاک فطرت مگر اک سپر تھی
ترے سامنے راکشس ناتواں تھے
اٹھے پھر ترا نام لے کر جواں کچھ
جری حوصلہ مند سچے جیالے
ہلا ڈالے ایوان اک سلطنت کے
ترے پاسباں تھے بڑے آن والے
تری واپسی کر رہی تھی یہ اعلاں
کہ مٹتے نہیں ظلمتوں سے اجالے
سہے جو ستم بن گئے سب فسانہ
تلافی کا اب آ رہا تھا زمانہ
ہوئی آہ لیکن یہ کیسی تلافی
دوبارہ ملا جنگلوں میں ٹھکانہ
صلیب ایک باقی تھی جو مامتا کی
اسے بھی تو لازم تھا تنہا اٹھانا
عجب ہیں یہ اسرار وصل و جدائی
کہ منزل کو پا کر بھی منزل نہ پائی
یہ کیسا ستم تھا کہ عفت کی دیوی
ثبوت اپنی عفت کا دینے کو آئے
وہ شعلے کی مانند شعلوں سے گزری
وہ بجلی سی بن کر زمیں میں سمائی
- کتاب : Silsila-e-makalmat (Pg. 296)
- Author : Shafique Fatma Shora
- مطبع : Educational Publishing House (2006)
- اشاعت : 2006
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.