اے دل غمگیں نہ کہہ یہ زندگی اک خواب ہے
زندگی ہے اک حقیقت گوہر نایاب ہے
زندگی اک ولولہ ہے زندگی اک جوش ہے
دامن طوفاں میں اک ہنگامۂ خاموش ہے
گو بظاہر زندگی اک نغمۂ بے ساز ہے
گوش حاضر کے لئے یہ غیب کی آواز ہے
زندگی دشت و بیاباں بے خبر کے واسطے
رشک صد باغ ارم اہل نظر کے واسطے
زندگی عیش و طرب میں خوش کبھی رہتی نہیں
یہ کلی کھلتی نہیں جب تک الم سہتی نہیں
گور اس کی منزل مقصود اے غافل نہیں
بحر بے پایاں ہے یہ اس کا کوئی ساحل نہیں
ہو اثر انداز اس پر موت میں یہ دم نہیں
زندگی مٹ جائے تو بھی باعث ماتم نہیں
سلسلہ ہے ارتقا کا زندگی انسان کی
تازہ دم ہوتی ہے جام مرگ پی کر زندگی
زندگی ہے نفس کو زیر نگیں لانے کا نام
زندگی ہے موت کی حد سے گزر جانے کا نام
عہد ماضی لاکھ روشن ہو مگر بے سود ہے
صبح فردا کی ضیاؤں پر نظر بے سود ہے
حال کے لمحے ہیں زریں ان کا دامن تھام لے
مستعد ہو کر عمل کر جذب دل سے کام لے
خوگر تقلید ہو تو زندگی بے کار ہے
دوسروں کی پیروی اک روگ ہے آزار ہے
کشتیٔ نوع بشر کا ناخدا بن کر دکھا
خضر بھی سجدہ کرے وہ رہنما بن کر دکھا
زندگی تیری مثال مرد میداں ہو عظیم
طور ہو یہ جسم خاکی روح مانند کلیم
رہ گزر تیری بسان کہکشاں تاباں رہے
تیری ہستی پر زمانہ تا ابد نازاں رہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.