اردو زباں
کتنی میٹھی زباں کیسی پیاری زباں
میری اردو زباں فخر ہندوستاں
اس میں رادھا کے پائل کی جھنکار ہے
زلف زیب النسا کی بھی مہکار ہے
اس میں جھانسی کی رانی کی للکار ہے
ساز و نغمہ کے ہمراہ تلوار ہے
اس کے دامن میں ہیں کتنی رنگینیاں
میری اردو زباں فخر ہندوستاں
ہند ماتا کی بیٹی ہے اردو زباں
سانولی چلبلی نوجواں گل فشاں
ہندو مسلم کے اخلاص کی داستاں
اتحاد و محبت کا قومی نشاں
کیوں اسے غیر کہتا ہے نا قدر داں
میری اردو زباں فخر ہندوستاں
اس میں سرمستیٔ جام شیراز ہے
نجد کا سوز ہے ہند کا ساز ہے
اپنی ہر دل عزیزی میں ممتاز ہے
اہل ہندوستاں کی یہ آواز ہے
اس کو کہتے ہیں سب دلکش و خوش بیاں
میری اردو زباں فخر ہندوستاں
بولی جاتی ہے کشمیر سے راس تک
سمجھی جاتی ہے گجرات مدراس تک
غیریت کی نہیں اس میں بو باس تک
نفرتوں کا نہیں اس کو احساس تک
خاص ہندوستانی ہے اردو زباں
میری اردو زباں فخر ہندوستاں
کہہ رہی ہے یہ بھارت سے اردو زباں
مجھ سے ناراض کیوں مادر مہرباں
تو مری میں تری ہمدم و رازداں
پھر لگا لے گلے سے مجھے میری ماں
طاہرہؔ کچھ پریشاں ہے اردو زباں
میری اردو زباں فخر ہندوستاں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.