عبداللہ زکریا 20 اگست 1969 کو ضلع اعظم گڑھ کے ایک گاؤں علاؤالدین پٹی میں پیدا ہوئے۰خاندان میں ایک زبردست عالمِ دین گزر چکے ہیں جنہیں دنیا مولا نا عبدالسلام ندوی کے نام سے جانتی ہے، جنکی کتاب شعرالہند کا شمار اردو شاعری پر باضابطہ تنقید کی اولین کتابوں میں ہوتا ہے۔
گھر کا ماحول بہت مذہبی تھا۔ ابتدائی تعلیم گاؤں کے مدرسے میں ہوئی، پھر بلریا گنج میں واقع جامعتہ الفلاح نام کے مدرسے میں داخل کر دیا گیا جہاں سے عالمیت اور فضیلت کا امتحان پاس کیا اور مزید تعلیم کے لئے دہلی کا رخ کیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے بی اے اور ایم اے کی ڈگری حاصل کی. شعر و شاعری کا شوق بچپن ہی سے تھا جس کو اور مہمیز ماموں اختر حسین نے دی، جو خود صاحبِ دیوان شاعر تھے، عرفی آفاقی تخلص کرتے تھے، جن کا دیوان لکھنو اردو اکادمی نے شائع کیا ہے، جس کا نام ہے”سمندر پھر بلاتا ہے”۔
عبداللہ ذکریا نے تقریبا ۱۸ برس این ڈی ٹی وی چینل میں کام کیا۔ فی الحال وہ ممبئی میں مقیم ہیں اور پیشے سے ڈاکومینٹری فلم میکر ہیں۔