حکیم مظہر سبحان عثمانی، مشہور و معروف طبیب اور سابق نائب چیرمین قومی اقلیتی کمیشن، اتر پردیش کے ضلع گورکھپور کے ایک چھوٹے سے گاؤں صمد پور میں پیدا ہوئے۔ تکمیل الطب یونانی کالج لکھنؤ سے ۱۹۵۹ میں فاضلِ طب کی سند حاصل کی اور جامعہ طبیہ (ہمدرد طبی کالج دہلی) میں لیکچرار ہوئے۔
بعد میں دہلی کے قرول باغ میں واقع آیورویدک اینڈ یونانی طبیہ کالج میں اپنی خدمات دیں اور وہاں کے شعبۂ معالجات کے صدر بھی رہے۔ ایک بہترین شاعر، زبردست استاد، اور ماہر نباض حکیم صاحب کو ان کی حیات میں کئی اعزازات سے نوازا جاتا رہا۔ کئی شعبوں میں انکی مہارت کے سبب وہ کئی مختلف حکومتی اور غیر حکومتی اداروں کے ساتھ متعلق رہے۔ وہ مرکزی کونسل برائے تحقیقاتِ طبِ یونانی کی گورننگ باڈی کے رکن رہے، اتر پردیش اردو اکادمی کے ممبر رہے اور قومی اقلیتی کمیشن کے نائب چیئرمین بھی۔