اندھیرے اس لیے رہتے ہیں ساتھ ساتھ مرے
یہ جانتے ہیں میں اک روز روشنی کروں گا
انعام عازمی کا تعلق صوبۂ بہار سے ہے۔ آپ 15 اپریل 1997 کو پوکھیرا ضلع سیتا مڑھی، بہار میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی۔ آپ نے سول برانچ سے انجینئرنگ کی ہے اور فی الوقت بطور انجینئر اپنی جوب کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
جہاں تک انعام عازمی کی شاعری کا تعلق ہے انھوں نے بہت کم وقت میں اپنے انوکھے انداز اور منفرد خیالا ت کے ساتھ اردو شاعری کی دنیا میں اپنی پہچان بنائی ہے۔ انعام عازمی کی عمر گو مختصر ہے مگر اس مختصر عمر میں ہی وہ حالیہ شاعری کے سلسلے کی ایک اہم کڑٰی بن کر سامنے آئے ہیں۔ انعام عازمی کے یہاں جو سبک، رواں اور براہ راست قسم کا اسلوب پایا جاتا ہے وہ ہماری جدید شاعری کا اہم وصف ہے۔ ان کے اشعار میں جو بے ساختگی و بے چینی ہے انھیں پڑھ کر یہ محسوس ہوتا ہے کہ وہ ہمارے دلی جذبات کی ترجمانی کررہے ہیں۔ ان کی شعری لفظیات ان کے اندرونی احساسات سے اس قدر ہم آہنگ ہیں کہ وہ ہمیں فطرت کا ازلی نغمہ معلوم ہوتی ہیں۔