نوجوان نسل کے بیچ بہت جلد مقبولیت پانے والے شاعر مژدم خان کا تعلق پاکستان کے صوبۂ پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے ہے. آپ کا اصل نام آصف خان ہے. آپ یکم جنوری 1990 کو رحیم یار خان میں پیدا ہوئے. آپ نے وہی سے بی اے کیا اور فی الحال آپ شاعری کے ساتھ ساتھ اپنا ٹرانسپورٹ کا بزنس سنبھال رہے ہیں۔
مژدم خان ان شعرا میں سے ایک ہیں جن کے ہاں شعر کہنے کا منفرد انداز اور پرکشش سلیقہ نظر آتا ہے. مژدم خان کے شعری مزاج میں مسلسل تبدل اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نئے سے نئے زاویوں کی تلاش میں کس قدر محو رہتے ہیں. ہم کہہ سکتے ہیں کہ مژدم خان کی شاعری جرات اور بیباکی کا ارفع نمونہ ہے۔
ان کے ہاں نئے اور اچھوتے خیالات اور نئے سے نئے مضامین کی کمی نہیں ہے جن کو وہ بڑی خوبی کے ساتھ اپنے اشعار میں استعمال کرتے ہیں.
ان کے کلام میں وسیع تر مطالعہ کی جھلک تو نظر آتی ہی ہے لیکن ان کا مشاہدہ اور جہانِ تصور کا دائرہ بھی بہت وسیع نظر آتا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف مطالعہ ہی اچھی تخلیقات کا محرک نہیں مشاہدہ بھی ضروری ہے۔